ریکوڈک منصوبے میں سعودی عرب کو شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت اور پاک فوج کے زیر انتظام سرمایہ کاری سہولت کونسل نے ریکوڈک منصوبے میں سعودی شمولیت کے پیش نظر پاکستان اور کینیڈا کی بیرک گولڈ کمپنی کے شیئر یکساں طور پر کم کرنے کیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دےدی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ریکوڈک پراجیکٹ میں دوسرے ملک کو شامل کرنے کا باضابطہ فیصلہ رواں ہفتے سرمایہ کاری کونسل کی اپیکس کمیٹی نے کیا تھا،وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

واضح رہے سرمایہ کاری کونسل نے اصولی طور پر خلیجی ممالک کیلئے اربوں ڈالر کے 28 منصوبوں کی منظوری دی ہے جن میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر اور ریکوڈک میں کان کنی کے آپریشن شامل ہیں۔ حکومتی عہدیداروں نے بتایا کہ چیئرمین سرمایہ کاری کونسل کی حیثیت سے اپنے آخری اجلاس میں وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ریکوڈک کان کنی کے منصوبے میں ممکنہ سرمایہ کاروں کو حصص کی پیشکش کرنے کیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔