پانی، سیوریج بلوں میں 200 فیصد اضافہ ظلم، حکومت نے مہنگائی کی قبر میں زندہ دفن کردیا ،شہریوں کی دہائی

لاہور(اپنے نمائندے سے ) شہریوں کا روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واسا انتظامیہ کاپانی و سیوریج کے گھریلو اور کمرشل صارفین پر 150سے 200فیصد تک کا اضافہ کرتے ہوئے مہنگائی کی قبر میں زندہ دفن کر دیا۔ شعبہ تعلیم، ہسپتالوں سمیت کریانہ اور جنرل سٹورز کو بھی معاف نہیںکیا گیا ۔ اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہوئے آمروں کو عوامی مشکلات کا پتہ تک نہیں، عام شہریوں کو بھی سرکاری افسران و ملازمین کی طرح مفت بجلی، پانی و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں یا پھر سب سرکاری عیاشیوں کو بھی ختم کیا جائے تاکہ ان کو بھی عوام کے مالی مسائل کا اندازہ ہو سکے۔ واسا کے مختلف دفاترز میں شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی کا سلسلہ جاری ۔شہری احسن محمود نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی تلے زندہ دفن کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ جاتے جاتے پٹرول ،بجلی ،گیس کے بعد پانی کے بلز میں بھی 200فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے لاہوریوں کے مالی مسائل میں نہ صرف اضافہ کیا گیا بلکہ انکا جینا نا ممکن بنا دیا گیا ہے۔ گھریلو صارف کے بل میں 150فیصد اضافہ اور کمرشل بلز میں 200فیصد اضافہ نے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوا ہے جو کہ ظالمانہ فیصلہ ہے غلام مصطفی ،آصف قریشی ،امداد خان ،مولوی امتیاز علی کا کہنا ہے کہ پانی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے اس بات کو ثابت کر دیا گیا ہے کہ لاہوریوں سے پینے کے پانی کی بھی سہولت چھین لی گئی ہے پہلے عوام سے اشیاءخودونوش ،بجلی ،گیس ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ان سے بنیادی سہولیات کو چھین لیا گیا تھا اب پانی کی قیمت میں اضافہ کرکے ظالمانہ رویہ ظاہر کر دیا گیا ہے اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کو عوامی مالی مسائل کا کیا علم ہے ان کو تو ہر چیز مفت کی مل رہی ہے ملک میں صرف مخصوص طبقہ کو نوازا جا رہا ہے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دفن کرتے ہوئے صبر کرنے کی تلقین کی جارہی ہے ارسلان علی ،محبوب عالم ،جاوید شاہ نے کہا کہ واسا انتظامیہ نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے لیکن بلز میں 200فیصد اضافہ کرتے ہوئے شہریوں کا خون چوسنے میں لگی ہوئی ہے واسا افسران ٹھنڈے دفاترز اور مینرل واٹر کا مفت میں بے دریغ استعمال کررہے ہیں اور ہم سے بغیر پانی دیے اپنی عیاشیوں کے اخراجات بلز میں اضافہ کرکے پورے کر رہے ہیں اقتدار کے تخت پر عوامی پیسوں سے مزے لینے والوں کو چاہیے جیسے سرکاری افسران و ملازمین اور حکمرانوں کو مفت بجلی ،گیس ،پٹرول اور پانی کی سہولت سمیت دیگر مراعات دی جا رہی ہیں عوام کو بھی مفت سہولیات کی فراہمی دی جائے یا پھر ان سب سرکاری اور سیاسی شخصیات کو مفت کی تمام تر دی جانے والی سہولیات اور مراعات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ان کو بھی مہنگائی میں اضافہ سے پیدا ہونے والی مالی مشکلات کا اندازہ ہو عوام مہنگائی کی قبر میں دفن اور سرکاری اور سیاسی شخصیات عیاشیوں میں مصروف واسا لاہور کے مختلف ریونیو دفاترز میں شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی دیکھنے میں آرہی ہے شہریوں کی جانب سے پانی کے بلز میں اچانک اضافہ کے خلاف بھرپور احتجاج اور غم و غصہ دیکھنے میں آرہا ہے متعدد دفاترز میں واسا انتظامیہ غائب ہے تاکہ سخت عوامی رسے عمل سے بچا جا سکے ۔