الیکشن کمیشن نے وفاقی سطح پر تقرر وتبادلوں پر پابندی لگا دی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے وفاقی سطح پر تقرر وتبادلوں پر پابندی لگا دی۔

سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں الیکشن کمیشن نے کہا قومی اسمبلی ،وفاقی کابینہ تحلیل ہو چکی، نگران سیٹ اپ کی تشکیل تک ہر قسم کے تقررو تبادلے روک دئیے جائےں، جلد نگران وزیر اعظم ،کابینہ کی تشکیل ہو جائے گی۔

خط میں مزید لکھا گیا علم میں آیا ہے بڑے پیمانے پر وزارتوں ،ڈویژنز میں ٹرانسفر پوسٹنگ کی منصوبہ بندی کی گئی ، نگران حکومت کے آنے تک ایسے کسی اقدام سے گریز کیا جائے، نگران حکومت کی تشکیل کے بعد قانون و پالیسی کے مطابق تقر رو تبادلے کیے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے نئی مردم شماری کے بعد پیدا صورتحال پر 2 اجلاس بے نتیجہ رہے، الیکشن کمیشن نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کرانے پر تذبذب کا شکار ہے،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو لیگل ٹیم نے آرٹیکل 51 فائیو کے تحت نئی حلقہ بندیوں کے تقاضے سے آگاہ کیا۔