بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ بن چکے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: () یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مسلح افواج نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں غیر انسانی فوجی لاک ڈاؤن کا تسلسل، مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی حربے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں مستقل طور پر انسانی حقوق کی سنگین ور منظم خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اس طرح کے اقدامات اور بھارتی حکومت کا جنگی جنون مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کو بڑھاوا دے رہا ہے۔