ہم مشترکہ طور پر خوراک کے بحران اور دہشت گردی سے نمٹ سکتے ہیں :چینی صدر

بیجنگ (شنہوا)چین کے شہر چنگ ژو میں 31 ویں سمر ورلڈ یونیورسٹی گیمز کا آغاز ہوا۔ چین کے صدرشی جن پنگ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔اس تقریب میں 113 ممالک و خطوں سے 6500کھلاڑی شریک ہوئے۔ اسی روز منعقدہ استقبالیہ ضیافت میں شی جن پنگ نے کھیلوں کے ذریعے اتحاد کو فروغ دینے، عالمی برادری کیلئے مثبت توانائی کو یکجا کرنے اور عالمی چیلنجوں کا مشترکہ جواب دینے پر زور دیا۔اتوار کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق صدر شی نے کہاکہ کھیل لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو بڑھانے کیلئے ایک اہم پل ہے۔ 62 سال قبل انٹرنیشنل یونیورسٹی اسپورٹس فیڈریشن کے بانی پال شلیمر نے ورلڈ یونیورسٹی گیمز ڈیکلریشن جاری کرتے ہوئے اسے دوستی کا عظیم اجتماع قرار دیا تھا اور بعد میں ان گیمز کا مقصد دوستی، بھائی چارہ، انصاف، استقامت، سالمیت، تعاون، جدوجہد رہا ہے۔ شی جن پنگ کے نزدیک یہ گیمز نہ صرف عالمی سطح پر کھیلوں کیلئے روحانی روشن خیالی فراہم کرتے ہیں بلکہ عہد حاضر، زمانے اور تاریخ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مفید حوالہ بھی فراہم کرتے ہیں۔شی جن پنگ نے استقبالیہ ضیافت سے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ اتحاد کے ساتھ، ہم مشترکہ طور پر عالمی چیلنجوں جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی، خوراک کے بحران اور دہشت گردی سے نمٹ سکتے ہیں، لہٰذا ایک بہتر مستقبل کی تشکیل کیلئے تعاون کیا جائے۔چینی صدر کی جانب سے بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کا تصور بھی انسانی معاشرے کی مشترکہ اقدار کی نمائندگی کرتا ہے۔ یونیورسٹی گیمز دنیا کے نوجوانوں کیلئے ایک عظیم الشان کھیلوں کا ایونٹ ہو گا۔ شی جن پنگ کی دنیا کے نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، وہ امید کرتے ہیں کہ نوجوان رنگین دنیا اور متنوع تہذیبوں کو مساوات، رواداری اور دوستی کے نقطہ نظر سے دیکھ سکتے ہیں، مختلف ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام اور باہمی سیکھنے کے رویے کو فروغ دیتے ہوئے عالمی امن اور ترقی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔