ملک بھر میں یومِ عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، جھنگ (بیورو رپورٹ+ کرائم رپورٹر) یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح، تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے اور مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے، عزادار ماتم اور زنجیر زنی کرتے رہے۔

یوم عاشور کے موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ، ماتمی جلوسوں کے روٹس و اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک جزوی معطل اورلاہور سمیت بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی رہی۔

ملک بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کےساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستوں نے بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔