سٹی ٹریفک و پنجا ب پولیس کی نا اہلی، مسافر خانہ دربار بی بی پاکدامن انتظامیہ زائرین کو سہولیات فراہمی میں ناکام
لاہور (اپنے نمائندے سے) مسافر خانہ دربار بی بی پاکدامن انتظامیہ سٹی ٹریفک و پنجا ب پولیس کی نا اہلی کے باعث زائرین کو سہولیات کی فراہمی میں ناکام ، غیر قانونی پارکنگ کے باعث مسافروں کی جان و مال کو خطرہ، زائرین کو مسافر خانہ میں آنے جانے میں مشکلات کا سامنا۔ ٹریفک پولیس غیر قانونی اقدام کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی، سیکورٹی انتظامات زیرو ۔دربار بی بی پاکدامن کے ایمپریس روڈ کے مرکزی راستے پر زائرین کو رہائش کی فراہمی کی خاطر نجی مسافر خانہ قائم کر رکھا ہے جس میں زائرین کو رہنے کی اجازت دی جارہی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو دی جانیوالی سہولیات ناکافی ہیں اور سیکورٹی انتظامات برائے نام فراہم کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پینے کے صاف پانی صفائی و دیگر سہولیات میسر نہیں کی جا رہی جبکہ مسافر خانہ انتظامیہ کی طرف سے مخیر افراد کی طرف سے فنڈز کی وصولی کی جارہی ہے لیکن زائرین کو سہولیات برائے نام دی جا رہی ہیں۔ مسافر خانہ کے داخلی اور خارجی راستہ پر رکشہ و چنگ چی کی پارکنگ غیر قانونی طور پر مرکزی روڈ پر کی جارہی ہے جس پر ٹریفک پولیس انتظامیہ کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جو کہ زائرین اور عام شہریوں کےلئے سیکورٹی رسک بن چکا ہے جس کی وجہ سے زائرین کی جان و مال کو خطرہ ہے اس کے علاوہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کو دربار بی بی پاکدامن کی طرف جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محرم الحرام کے ایام میں زائرین کی کثیر تعداد دربار بی بی پاکدامن پر حاضری کی خاطر آرہی ہے لیکن اس غیر قانونی رکشہ و چنگ چی غیر قانونی پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانگی اور پیدل چلنے والے زائرین اور مقامی شہریوں کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر اوقاف انتظامیہ اور سٹی ٹریفک اور پنجاب پولیس کی طرف سے عملی اقدامات نہ ہونے سے زائرین کسی بھی نا خوشگوار حادثہ کا شکار ہو سکتے ہیں پنجاب پولیس کے اہلکار زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ذاتی مصروفیات کی انجام دہی میں دکھائی دیے گئے ہیں۔ زائرین کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کی وجہ سے رکشہ و چنگ چی والوں کی جانب سے روڈ بلاک کی گئی ہے۔ پیدل گزرنے کےلئے بھی راستہ موجود نہیں جس کی وجہ سے کافی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ محرم الحرام میں بی بی رقیہ کو شہداءکربلا کا پرسہ دینے کی خاطر کثیر تعداد میں زائرین آرہے ہیں لیکن ذمہ داران کی طرف سے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ ٹریفک و پنجاب پولیس کی جانب سے بھی کسی قسم کے اہلکار کو تعینات نہیں کئے گئے، اگر کیا بھی گیا ہے تو وہ کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ اوقاف انتظامیہ بھی خاموش تماشاہی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

















