طوفانی بارشیں، پنجاب کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

لاہور،مانسہرہ (خبر نگار،بیورورپورٹ)طوفانی بارشیں، پنجاب کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خطر ہ بڑھ گیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے دریاﺅں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے دریاﺅں ،ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی،عمران قریشی نے کہاکچی دیواروں ،چھتوں سے دور رہیں ،بجلی کی تاروں ،کھمبوں سے فاصلہ رکھیں، عوام دریاﺅں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں۔

دوسری جانب مانسہرہ کے علاقے پوٹھہ شاہ کوٹ میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی،ملبہ تلے دب کر 4 افراد جاں بحق ہو گئے،پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور 3 بچے شامل ہیں،چاروں افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔