دفترخارجہ کی بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی شدیدمذمت
اسلام آباد (مشرق نیوز) دفتر خارجہ نے بھارتی وزیردفاع کے لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری سے متعلق بیان کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری پر فخر کااظہار اشتعال انگیزہے، بھارت کی جنگجویانہ بیان بازی علاقائی امن اور استحکام کیلئے خطرہ ہے اور جنوبی ایشیا میں سٹرٹیجک ماحول کو غیر مستحکم کر رہی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام انتخابی مفاد کے لیے پاکستان کو گھسیٹنے کا رواج ختم کریں، بھارت کے سیاسی رہنماو¿ں اور اعلیٰ فوجی افسران کی جانب سے غیر اخلاقی بیانات کو روکنا چاہیے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں میں شرط رکھی گئی ہے کہ علاقے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائےگا اور کشمیرمیں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرائی جائےگی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستان اقوام متحدہ کی ان قراردادوں کو دیانتداری سے نافذ کرے۔
















