پنجاب میں طوفانی بارشیں، مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خطرہ
لاہور (مشرق نیوز) پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے جبکہ تیز بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں سے دریاوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ بلوکی ہیڈ پر پانی کی آمد 58 ہزار 830 اور اخراج 42030 ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 387587 اور اخراج 387587 ہے۔ تربیلا، چشمہ اور کالاباغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاو 84 ہزار 430 کیوسک ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے دریاوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ پنجاب کی تمام ڈویڑنل انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں جبکہ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔ عوام دریاوں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامیہ سے تعاون کریں۔
















