دبئی،لاہور (نمائندہ خصوصی،اپنے رپورٹر سے)ن لیگ نے پیپلزپارٹی سے انتخابی اتحاد کی تردید کردی اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی تیار کرکے پارٹی وانتخابی منشور کاٹاسک مریم نواز کے سپرد کردیا ۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی اجلاسوں میں قائدین نے مستقبل کی سیاسی حکمت عملی تیار کرلی،فیصلہ کیاگیا سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائےگا۔
نواز شریف نے پارٹی و انتخابی منشور کی تیاری کاٹاسک مریم نواز کو سونپتے ہوئے منشور کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کر دی، پارٹی قائدین نے رواں ماہ انتخابی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ،ملک بھر میں جلسے کئے جائیں گے،نواز شریف نے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا الیکشن کیلئے پارٹی کا بیانیہ نوجوانوں کو مد نظر رکھ کر بنایا جائے، نوجوانوں کیلئے آسان قرضے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا لائحہ عمل شامل کیا جائے، ملک کو نقصان پہنچانے والی سیاسی جماعت کی پالیسیوں کو مسلسل ہدف تنقید بنانے کو ترجیح دی جائے۔
دریں اثنامسلم لیگ (ن) نے پیپلزپارٹی سے انتخابی اتحاد کی خبروں کی تردید کردی ،ن لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبریں درست نہیں ،حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں انتخابی اتحاد کرےں گی یا نہیں فیصلہ ابھی نہیں ہوا تاہم ن لیگ پنجاب سمیت تمام صوبوں میں امیدوار میدان میں اتارے گی۔
نوجوانوں کیلئے آسان قرضے اورروزگار ن لیگ کاانتخابی منشور
















