مغربی کنارے میں حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں: اقوام متحدہ

مغربی کنارہ (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کی صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں ترک نے کہا کہ حالیہ قتل و غارت اور تشدد کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ اشتعال انگیز بیان بازی اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کو گہری کھائی میں دھکیلنے کا باعث بنے گی۔وولکر ترک نے کہا کہ اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنی پالیسیوں اور اقدامات کو بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیارات کے مطابق ایڈجسٹ کرنے کے لیے فوری طور پر کام کرنا چاہیے۔ ان اقدامات میں فلسطینیوں کے جینے کے حق کا تحفظ اور احترام شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک قابض طاقت کے طور پر اور بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق یہ اسرائیل کا فرض ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں امن عامہ اور تحفظ کو یقینی بنائے۔تشدد کو روکنا چاہیے۔