ساہیوال ( چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پاکپتن روڈ پر کام کی سست رفتاری پر اظہار ناراضگی، مقررہ ٹائم لائن تک کام مکمل نہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو جرمانے کئے جائیں، پارکس اور گرین بیلٹس پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ کمشنر کی ڈی جی پی ایچ کو ہدایت۔اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان بھی موجود تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاکپتن روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے کام کی رفتار میں 40فیصد کمی آئی ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ پارکس اور گرین بیلٹس پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہر کو سرسبز بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ شہر میں فلاور شاپ اور ہنی شاپ بنائی جائیں گی جن پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے 15جولائی تک مکمل کر لیا جائےگا۔ پسپ حکام نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر فلنگ کا کام جاری ہے جسے عید سے قبل مکمل کر لیا جائےگا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ میڈیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کی یہ پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے کہ وہ مریض پر پوری توجہ دے اور اسے یہ احساس دلائے کہ وہ علاج کےلئے بہترین ہاتھوں میں ہے۔ ڈاکٹر معاشرے کا سب سے معزز فرد سمجھا جاتا ہے اسلئے اسے اپنے فرائض زیادہ دلجمعی اور احساس محبت سے ادا کرنے چاہئیں تاکہ بیماروں کی زندگیوں میں آسانی لائی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کےلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد خان کھچی، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان، ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی سمیت تمام ہسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹس اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے وژن کے مطابق ہر ہسپتال اپنی سروس ڈیلوری کو بہتر بنائے اور تمام وسائل مریضوں کے علاج کےلئے وقف رکھے۔ انہوں نے 3دن کے اندر اندر تمام ہسپتال کے بند ایئر کنڈیشنز مرمت کروانے اور باتھ رومز کی صفائی یقینی بنانے یا ان کی مرمت کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسی وقت بھی ساہیوال ڈویژن کا دورہ کر سکتے ہیں جس دوران وہ ہسپتالوں کا ضرور معائنہ کریں گے اس لئے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہسپتالوں کے وارڈز میں صفائی اور ایمرجنسی میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانے اور ہسپتالوں میں نصب واٹر کولرز چلانے اور انتظار گاہوں میں ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے قیوم ہسپتال کی ایمرجنسی کی خراب صورتحال اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کی رپورٹس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیااور انہیں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ وہ تمام ہیلتھ مراکز اور ہسپتالوں کا مسلسل دورہ کیا کریں تاکہ مسائل کی نشاندہی ہو اور انہیں بروقت حل کیا جا سکے۔
ترقیاتی کاموں میں سست روی برداشت نہیں ہوگی: کمشنر ساہیوال
















