لاہور (خبرنگار) محکمہ بلدیات نے عوام کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں 118 مویشی منڈیاں اور 182 عارضی سیل پوائنٹس قائم کر دیئے ہیں جن میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت جاری ہے۔سیکرٹری بلدیات پرویز اقبال نے بدھ کے روز تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں 34، ڈیرہ غازیخان میں 42 اور فیصل آباد میں 34، گوجرنوالہ 23، گجرات 22، ملتان 31، لاہور ڈویژن میں 32، راولپنڈی ڈویژن میں 26، ساہیوال میں 21 اور سرگودھا ڈویژن میں 35 مویشی منڈیاں اور سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔سیکرٹری بلدیات نے مزید بتایا کہ ان مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر محکمہ بلدیات کا 3ہزار سے زائد عملہ تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں شہریوں کیلئے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثناءسیکرٹری بلدیات نے صوبہ بھر کے چیف افسران کو ہدائت کی کہ وہ فوری طور پر عارضی سیل پوائنٹس کاوزٹ کریں اور سہولیات کا جائزہ لیں اور انہیں رپورٹ بھجوائیں۔پرویز اقبال نے کہا کہ سرکاری پوائنٹس کے علاوہ کسی اور جگہ جانوروں کی خریدوفروخت کی اجازت نہیں ہو گی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صرف حکومت پنجاب کی جانب سے منظور شدہ مویشی منڈیوں سے خریداری کریں اور نوسربازوں یا قانون شکن عناصر کے ہتھے نہ چڑھیں۔
عید الاضحی، صوبہ بھر میں 118 مویشی منڈیاں ،182 عارضی سیل پوائنٹس قائم
















