لاہور ( خبر نگار ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے لاہور میں نئے پارکس بنانے کیلئے ڈی سی لاہور و ڈی جی پی ایچ اے کو اہداف دےدئیے۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی اے سٹی، شاہدرہ سمیت دیگر علاقوں میں تین تا پانچ نئے پارکس بنیں گے۔ کمشنر لاہور نے بڑے 5پارکس کے علاوہ تمام پارکس میں جاری کاموں کی رپورٹ طلب کرلی۔ ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ پی ایچ اے اپنے 7زونز میں چھوٹے بڑے 810پارکس کی دیکھ بھال کررہا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ایئرپورٹ پر کنسلٹنٹ کی سیفٹی و سکیورٹی ڈیزائین پر ہارٹیکلچرورک شروع ہوگا۔ کمشنر لاہور نے سول ایوی ایشن، پی ایچ اے اور ضلعی انتظامیہ پر ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ائیرپورٹ بیوٹیفکیشن ورکنگ گروپ روزانہ میٹنگ کرکے ڈیزائین کو مکمل کرائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کا ہارٹیکلچرورک سیفٹی و سکیورٹی ڈیزائن سے مشروط ہے۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو، چیف آپریٹنگ آفیسر ایئرپورٹ نذیر احمد خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔دریں اثناء کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی نگران صوبائی وزیر پنجاب محکمہ سی اینڈ ڈبلیو وایکسائزبلال افضل کے ہمراہ حمایت اسلام دارالشفقت بے سہارا بچوں کیلئے سامان کا عطیہ اور سکالرشپس کے حوالے سے آمد پر چیئرمین دارالشفقت سہیل محمود بٹ اور صدر سید ضیا حیدر رضوی نے پرتپاک استقبال کیا۔ یونی لیور پاکستان نے ڈیڑھ کروڑ مالیت کے خوارک کے 11سو کارٹن کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کے سپرد کئے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور نگران صوبائی وزیر بلال افضل نے سامان حمایت اسلام دارالشفقت کے حوالے کیا۔ اس موقع پر کمشنر لاہور نے کہا کہ حمایت اسلام دارالشفقت یتیم، بے سہارا اور غریب بچوں کا باوقار سہارا ہے۔ کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا اور نگران صوبائی وزیر بلال افضل نے دارالشفقت کے بچوں کو خود گلدستے پیش کیے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ حمایت اسلام دارالشفقت کی صورت میں بے سہارا بچوں کو محفوظ گھر و تربیت گاہ حاصل ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ زلزلہ زدگان اور بچوں کیلئے یونی لیور کے عطیات نہایت قابل تحسین ہیں۔ نگران صوبائی وزیر پنجاب بلال افضل نے دارالشفقت کے فارغ التحصیل بچوں کو اپنے گروپ کی جانب سے سکالرشپس دینے کا اعلان کردیا۔
نئے پارکس بنانے کیلئے ڈی سی اور ڈی جی پی ایچ اے کو اہداف دےدئیے:کمشنر لاہور
















