لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی جانب سے ”سوچیں!اب نہیں تو کب؟“کے موضوع سے نئی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر سلمان اعجاز کی زیر قیادت اور ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے کی سربراہی میں اب تک ذرائع ابلاغ کے تمام ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے متعدد کامیاب تشہیری مہم کا اجراءکیا جا چکا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری پاپولیشن سلمان اعجاز نے کہا کہ بیٹا ہو یا بیٹی، دونوں ہی اللہ تعالیٰ کی عطا ہے، اصل چیز اولاد کی تعلیم و تربیت ہے جس پر سب کا برابر حق ہے۔ہمیں چاہیے کہ بیٹی کو بھی اعتماد اور محبت سے پروان چڑھائیں اور ان کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ڈی جی پاپولیشن ثمن رائے کا اخبار آگاہی مہم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اس مہم کا مقصد والدین کو آگاہی اور سوچنے کی ترغیب دینا ہے کہ ہر بچے کی بہترین پرورش اور تعلیم و تربیت ان کی بنیادی ذمہ داری ہے، والدین کیلئے ضروری یہ ہے کہ وہ اپنے وسائل کے مطابق اپنے خاندان کی منصوبہ بندی کریں تاکہ ہر بچے کو بلا تفریق لباس، خوراک،رہائش،تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کر سکیں۔ اسی طرح بچوں کو آگاہی دینے کی بنیادی ذمہ داری والدین کی ہے جو کہ گھر کے بڑے بزرگ بچوں کو بہتر انداز میں سمجھا سکتے ہیں۔
محکمہ بہبود آبادی کی ”سوچیں! اب نہیں تو کب؟“ کے موضوع پر آگاہی مہم

















