لاہور ہائیکورٹ: سابق میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ امین مغل کی حکم امتناع کی درخواست مسترد

لاہور ( خبر نگار) سابق میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ لاہور امین مغل کی آخری امید بھی ٹوٹ گئی، ہائیکورٹ نے حکم امتناع کی درخواست مسترد کردیا۔ امین مغل نے پلاننگ افسر کی سیٹ سے تبدیلی کے فیصلے کےخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے سٹے کی درخواست دے رکھی تھی جس پر ہائیکورٹ نے دو مختصر پیشیوں کے بعد گزشتہ روز فیصلہ سناتے ہوئے حکم امتناع کی درخواست مسترد کرنے کے ساتھ انکا کیس بھی خارج کردیا۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ امین مغل نے ایم او پی کے عہدے سے ٹرانسفر کے بعد لوکل گورنمنٹ بورڈ میں چارج سنبھالنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت سٹے لینے کے چکر میں اپنی جوائننگ رپورٹ کو خفیہ رکھا تھا۔ بعد ازاں سرکاری وکیل کی جانب سے امین مغل کی جوائننگ رپورٹ اور میڈیکل گراﺅنڈ پر چھٹی کے لیٹرز پیش کر دئیے گئے تاہم اسی بنیاد پر لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم امتناعی کی درخواست خارج کر دی۔ یاد رہے امین مغل کو کچھ ماہ قبل روٹین کے مطابق ٹرانسفر کیا گیا تھا، اس پر بھی موصوف نے سٹے لے رکھا تھا جس پر ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری کو کیس سننے کے بعد فیصلہ کرنے کا اختیار دے رکھا تھا جس پر چیف سیکرٹری نے گزشتہ ماہ فیصلہ سناتے ہوئے امین مغل کا ٹرانسفر والا سٹیٹس بحال کردیا تھا۔ اب سابق ایم او پی نے اس فیصلے کے خلاف ایک مرتبہ پھر حکم امتناعی لینے کےلئے عدالت میں درخواست دے رکھی تھی جس کو عدالت نے گزشتہ روز خارج کردیا۔ یہ بھی یاد رہے کہ چیف سیکرٹری کے سوال جواب میں کہ کیا وجہ ہے کہ آپ کو قریباً 16 سال کا عرصہ ہو گیا ہے، آپ لاہور سے باہر ہی نہیںگئے اور ریکارڈ یہ بتا رہا ہے کہ جب جب آپ کی ٹرانسفر ہوئی ہے تو آپ نے کورٹ سے حکم امتناعی لے لیا، اس حوالے سے سابق میٹروپولیٹن آفیسر چیف سیکرٹری کو مطمئن نہ کر پائے تھے۔