سانحہ 9مئی میں ملوث افراد کو قرارواقعی سزا دی جائے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام تکبیر کانفرنس

لاہور (نمائندہ خصوصی )پاکستان مرکزی مسلم لیگ کامینار پاکستان پراچھا شو،تکبیر کانفرنس میںسیاسی ، مذہبی وسماجی جماعتوں کے کارکنوں،کالجز ، یونیورسٹیز کے طلبا ، تاجروں ، وکلا ، مزدوروں و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،گراونڈ میں جگہ نہ ملنے پر لوگوں کی کثیرتعداد ارد گرد کی سڑکوں پر کھڑے ہوکر اور چل پھر کر خطابات سنتی رہی۔

کانفرنس میں لاہورو گردونواح سے بسوں ، کاروں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل بڑے قافلے پہنچے،شرکاءکی جانب سے دفاعی اداروں و تنصیبات پر حملوں اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کی گئی اور واقعات میں ملوث عناصر کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا،لوگوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

مقررین کے خطابات کے دوران شرکاءنعرہ تکبیر اللہ اکبر ،پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ اور پاکستان زندہ باد جیسے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔

لاہور بار ایسوسی کے صدر رانا انتظار نے خطاب کرتے ہوئے کہا یوم تکبیر 28مئی کے ایٹمی دھماکوں کی یاد تازہ کرتا ہے،ہر ادارے کا احترام ہے،پاک فوج، عدلیہ، پارلیمنٹ،میڈیا ہر ادارہ معتبر اورآئین سب سے محترم ہے،9مئی کے واقعات کی ہر کوئی مذمت کر رہا ہے،ملوث عناصر کو ضرور سزا ملنی چاہیے،واقعات کی آڑ میں لاہور پولیس ظلم کر رہی ہے،پولیس کے ظالمانہ روئیے پر عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیے، لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں خواتین ،بچوں کو اٹھایا جا رہا ہے،بےگناہ افراد کو رہا کیاجائے۔

صدرمسلم سٹوڈنٹس لیگ انس مصحی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مینار پاکستان کے سائے تلے نوجوان ملکی دفاع کیلئے اپنی جان دینے کا عزم کرتے ہیں،ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو پیغام دیا پاکستان آزاد و خود مختار ملک ہے، آر ایس ایس سن لے!مسلم سٹوڈنٹس لیگ نوجوانوں کو کبھی ملک دشمن نہیں بننے دے گی ،ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

عبدالغفار روپڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا مرکزی مسلم لیگ کے صدر اور پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،بتا دینا چاہتا ہو ں فوج ہمیشہ پاکستان کی محافظ رہے گی،نواز شریف اور عمران خان کو سیاستدان اسی ادارے نے بنایا،پاک فوج کےساتھ بے وفائی کرنےوالوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔

صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہاپاکستان ہمارا دیس ہے، لسانی و علاقائی شناخت سے بالاتر ہو کر ایک امت ہیں اور یہ چیز ہمیں متحد رکھتی ہے ،اسلام کے نام پر بننے والے ملک کی حفاظت کا وعدہ کرتے ہیں ،عوام کو ووٹ کی طاقت سے دینی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں لانا ہوگا ، عوام پاکستان مرکزی مسلم لیگ کےساتھ کندھے سے کندھا ملائے۔

مرکزی علما کونسل پاکستان علامہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا 28مئی پاکستان کیلئے خوشی کا دن ہے، غیور عوام کو پہلی اسلامی ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، نعمت کو ضائع نہیں ہونے دیں گے،سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں کی تربیت کریں،سانحہ 9مئی میں ملوث قوتوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، قوم اب متحد ہے، پاکستان دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

قبائلی رہنمانواب ظفر خان شوانی بلوچ نے کہاپاکستان مرکزی مسلم لیگ کا پروگرام پاکستان سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہر آفت میں قوم کےساتھ کھڑی ہوئی ،بلوچستان کے عوام میں شعور بیدار کیا۔

میر شاہجہان بلوچ نے کہا میں مرکزی مسلم لیگ کے تمام بھائیوں کو بلوچستان کی جانب سے سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان میں انتشار پیدا کرنے والوں کیلئے کانفرنس زور دار طمانچہ ہے، بلوچ عوام کی جانب سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ایجنڈے کی حمایت کرتا ہوں ۔

میر حضور بخش بنگلزئی صوبائی صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ بلوچستان نے کہا چاغی بلوچستان میں ہے، وطن عزیز کی عزت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، بلوچستان میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی محنت و قربانیوں سے بلوچستان کے عوام میں بہت شعور آیا ،کانفرنس رات گئے تک جاری رہی دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔