ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر شہر کی 3 بڑی سڑکوں فتح شیر روڈ، ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کی تعمیر نو 30جون تک مکمل ہو جائےگی جس سے ہزاروں شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ تینوں سڑکیں پسپ پروگرام کے تحت مکمل کی جا رہی ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں گرلز کالج روڈ، فرید ٹان روڈ، لیاقت روڈ، چرچ روڈ، جیل روڈ اور گلستان روڈ کی بھی تعمیر نو کی جائےگی۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ہونے والے پسپ پروگرام پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کےلئے ہونے والے اجلاس میں بتائی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل وقاص ظفر، میونسپل آفیسر غلام عباس اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ شہریوں کی صاف پانی کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ پسپ کے سٹی اسجد خان نے بتایا کہ43ہزار گھریلوں کنکشن دینے کے ہدف کے مقابلے میں اب تک 25296 گھروں تک پانی کے کنکشن پہنچائے جا چکے ہیں جبکہ کارپوریشن کے 45میں سے29ٹیوب ویلز کی جامع مرمت کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے اور 9مزید ٹیوب ویلز کے کپیسٹی ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے آڑاتلہ روڈ پر مین سیوریج پائپ ڈالنے کے کام میں غیر ضروری تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا اور چینی کمپنی کو ہدایت کی کہ پسپ پروگرام کی اس سال کے آخر تک تکمیل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔
شہریوں کیلئے صاف پانی کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے: کمشنر ساہیوال
















