جنرل عاصم نے مجھے کرپشن کے ثبوت نہیں دکھائے :عمران خان

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نہ تو جنرل عاصم منیر نے مجھے میری اہلیہ کی کرپشن کے کوئی شواہد دکھائے نہ ہی میں نے انہیں اس بنیاد پر مستعفی ہونے پر مجبور کیا۔ سابق وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں برطانوی اخبار ٹیلی گراف میں شائع مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے اس میں کئے گئے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل عاصم نے انہیں انکی اہلیہ بشری بی بی کے کرپشن کے ثبوت دکھائے جس کے بعد انہیں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹیلی گراف میں 21 مئی کو بین فارمر کا مضمون شائع ہوا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے عمران خان کو ان کی اہلیہ کی کرپشن کے ثبوت دکھائے تھے۔ مضمون کے مطابق جنرل عاصم منیراس وقت کے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور ان کے قریبی لوگوں پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کرنا چاہتے تھے، جس کے بعد انہیں جون 2019 میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے 8 ماہ بعد ہی ہٹا دیا گیا۔