جناح ہاﺅس کی تباہی دیکھنے میں زیادہ دردناک ہے،گورنر کے پی

لاہور(خبر نگار)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اپنے دورہ لاہور کے دوران جناح ،کور کمانڈر ہاﺅس لاہور کا دورہ کیا اور شرپسند عناصر کے ہاتھوں جلائے جانیوالے تاریخی جناح ہاوس کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا، گورنر نے تاریخی جناح ہاوس کو تباہ کرنے پر دلی دکھ وافسوس کا اظہار کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے کہاتباہی دیکھ کر دل بہت افسردہ ہے،تاریخی عمارت کی تباہی سننے سے زیادہ دیکھنے میں دردناک ہے جس بیدردی سے کورکمانڈر ہاﺅس کو نذر آتش کیا گیا ایسا تو کوئی ملک دشمن بھی جرات نہیں کر سکتا،تباہی دیکھ کر واضح معلوم ہوتا ہے منظم ناپاک سازش کی گئی،قوم 9 مئی کی پرتشددانہ سوچ رکھنے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کرے۔