ہمیں اپنی ثقافتی اور ادبی روایات کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ہر شہری کو معاشرے میں برداشت اور رواداری کی ترویج کےلئے مسلسل کاوشیں جاری رکھنی چاہیے تاکہ ہم دنیائے عالم کے سامنے اپنے مثبت چہرے کو نمایاں کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ زندہ معاشرے اپنی شاندار روایات کی بنیاد پر سانجھ اور برداشت کو فروغ دیتے ہیں اور پاکستان کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کےلئے ہمیں بھی اپنی ثقافتی اور ادبی روایات کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکسانی ادب ایک مخصوص فضا، ماحول، مخصوص رنگ اور لب و لہجہ کا حامل ہے جس میں پاکستان کی روایات، حالات، تہذیب و ثقافت اور پس منظر سے مکمل مطابقت موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادب سرائے ساہیوال کے زیر اہتمام نامور گلوکار و شاعر عدیل برکی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وہ مہمان خصوصی تھے جبکہ مہمان اعزاز مشہور اداکار راشد محمود(پرائیڈ آف پرفارمنس) تھے۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض سیدہ آمنہ ریاض نے ادا کئے۔ ادب سرائے کے صدر پروفیسر ریاض حسین زیدی، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈائریکٹر سید ریاض ہمدانی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، سیکرٹری ادب سرائے پروفیسر ندیم اشرف، پروفیسر عمران جعفر اور معززین شہر کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب میں عدیل برکی کی کتاب“گستاخ نگاہی کا گلہ”کی رونمائی بھی کی گئی اورمحفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں عاصم اسلم،خالق آرزو، سید تصدق شیرازی، علی وارث انصاری، حسرت بلال حسرت، محمد فاروق اظہر، پروفیسرارجمند احمد قریشی، ناز فاطمہ، واصف سجاد، علی رضا، پروفیسر سید ریاض حسین زیدی،عدیل برکی اور پروفیسر محمد اکرم ناصر نے اپنی غزلیں پڑھیں۔ تقریب کے آخر میں عدیل برکی نے اپنی خوبصورت آواز میں مختلف غزلیں اور نغمے گا کر محفل میں موجود لوگوں کے دل جیت لئے۔صدر ادب سرائے پروفیسر سید ریاض حسین زیدی نے تمام معزز مہمانوں اور پروگرام آرگنائزر کا شکریہ ادا کیا اور عدیل برکی، سینئر اداکارراشد محمود اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
















