ساہیوال (چوہدری اشرف سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس کا تفصیلی دورہ، پسپ پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا، تمام پراجیکٹس پر کام تیز کرنے کی ہدایت، پائپ لائن بچھانے کےلئے کی گئی کھدائی کو ساتھ ساتھ فل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال بائی پاس، گلشن نور،لنک روڈ 138/9Lپھاٹک سے اولڈ ہڑپہ روڈکا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے گلشن نور میں پسپ پروگرام کے تحت پائپ بچھائے جانے والی سیوریج لائن کے کام کا جائزہ لیا اور پسپ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پائپ ڈالنے کےلئے کی گئی کھدائی کو ساتھ ساتھ پر کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے مین جی ٹی روڈ پر زیر تعمیر اوور ہیڈ برج کا بھی دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اوور ہیڈ برج کی تعمیر سے اولڈ ہڑپہ روڈ، سرور چوک اور فیصل آباد جانے والی ٹریفک کےلئے آسانی ہوگی اورشہر میں ٹریفک کے رش سے بچا جا سکے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے138/9Lپل سے اولڈ ہڑپہ روڈ پر جاری پیچ ورک کا بھی جائزہ لیا۔بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے قیوم ہسپتال کے سامنے ریڑھیوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل اور مریضوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو سڑک سے تجاوزات سختی سے ختم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران شہر میں موجود غیر قانونی پارکنگ سٹینڈزکے خلاف کاروائی عمل میں لانے اور کارپوریشن کے ذرائع آمدن بڑھانے کےلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سلاٹر ہاس میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی یقینی بنانے اور وہاں جانوروں کو ذبح کرنے کے حوالے سے قصابوں کو ترغیب دینے کی بھی ہدایت کی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل وقاص ظفر، پسپ کے سٹی اسجد خان سمیت تمام متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
کمشنر کا زیرتعمیر ساہیوال بائی پاس کا دورہ، کام کا جائزہ
















