اسلام آباد (بیورورپورٹ)پارلیمنٹ کی توہین جرم،ملزم کو 6 ماہ قید، 10لاکھ تک جرمانہ،قومی اسمبلی نے بل منظور کرلیا،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعدو ضوابط و استحقاق رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل (تحقیرمجلس شوریٰ) 2023 پیش کیا،رانا قاسم نون نے کہاتوہین پارلیمنٹ کا بل بہت اہم ہے، آئندہ کسی نے ہاوس کی توہین کی تو سزا کا مرتکب ہوگا،4سال سے بل پر کام کر رہے تھے، قائمہ کمیٹی اورہاوس کے دیگر اراکین نے بھرپور ساتھ دیا۔
وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہاتوہین پارلیمنٹ بل بہت اہم قانون سازی ہے،رانا قاسم نون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے، کوئی کام ہوتا ہے تو ٹیک اوور کرلیا جاتا ہے، توہین پارلیمنٹ پر قانون سازی وقت کی ضرورت تھی، ہر ادارے کی توہین کا کوئی نہ کوئی قانون ہے لیکن توہین پارلیمنٹ پر کوئی قانون نہیں تھا،سرکاری افسر تو اراکین کے فون بھی نہیں سنتے، ایوان کی توقیر برقرار رہنی چاہیے اب پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کی بھی توہین قبول نہیں۔
بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تمام شقوں کی ایوان سے منظوری لی، قومی اسمبلی نے بل کی متفقہ منظور ی دےدی،بل اب منظوری کےلئے سینٹ کو بھیجا جائے گا،بل کے مطابق پارلیمنٹ کی توہین کو جرم قرار دےدیاگیا، پارلیمانی کمیٹی توہین پر کسی بھی ریاستی یا حکومتی عہدیدار کو طلب کر سکے گی،پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب ملزم کو 6 ماہ قید ،10 لاکھ تک جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں، توہین پارلیمنٹ کی سزا کےخلاف 30 روز کے اندر اپیل کا حق ہوگا، سزا کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔
اپیل صرف متعلقہ کمیٹی کے سامنے ہی ہو سکے گی،پارلیمانی کنٹمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی میں اپوزیشن و حکومت کے مساوی اراکین کو شامل کیا جائےگا،کنٹمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر سپیکر یا چیئرمین سینٹ کو سزا تجویز کرے گی، سپیکر یا چیئرمین سینٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے،انسداد تحقیر کمیٹی کے قیام کی منظوری سپیکر قومی اسمبلی دیں گے جو5 اراکین پر مشتمل ہو گی، قومی اسمبلی 3 اور سینٹ سے 2 اراکین کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی ارکین میں ایک نام سپیکر اور ایک ایک نام وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر دیں گے، سینٹ سے ایک کمیٹی رکن اپوزیشن اور ایک حکومت سے ہوگا، چیئرمین و چیئرپرسن کا انتخاب کمیٹی خود کرے گی،انسداد تحقیر کمیٹی کے پاس سول کورٹ کا اختیار ہوگا، کمیٹی عدم پیشی پر کسی بھی شخص کے سمن و وارنٹ گرفتاری جاری کر سکے گی، وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کےلئے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کی منظوری ضروری ہوگی،ایوان یا ایوان کی کسی کمیٹی کے احکامات یا ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ، کسی رکن، ایوان یا کمیٹی کا استحقاق توڑنے پر قانون لاگو ہوگا،کمیٹی کے سامنے جھوٹے بیان ، ثبوت یا ریکارڈ فراہمی سے انکار، کسی گواہ کو دھمکیوں یا طاقت کے ذریعے کمیٹی کے سامنے ثبوت پیش کرنے ، بیان دینے سے روکنے والے پر بھی قانون لاگو ہوگا۔
پارلیمنٹ کی توہین جرم،ملزم کو 6 ماہ قید، 10لاکھ تک جرمانہ،قومی اسمبلی میں بل منظور
















