بےروزگاری کے خاتمے اور ملکی ترقی میں شعبہ ٹیکسٹائل کا کلیدی کردار ہے :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ زرمبادلہ بڑھانے اور بےروزگاری کے خاتمے میں ٹیکسٹائل کے شعبے کا کلیدی کردار ہے جس کی ترقی کےلئے صوبائی حکومت کاشتکاروں کےساتھ ملکر کپاس کی کاشت بڑھانے کے ایک بڑے ہدف کے حصول کےلئے کوشاں ہے۔ کسانوں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کی طرف سے دئیے گئے رعائتی پیکیج سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کاشت کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں کپاس کی کاشت بڑھانے کےلئے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر زراعت ساہیوال چوہدری شہباز اختر سمیت کسان نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن مالی مشکلات کا شکار ہے اس سے نکلنے کا واحد راستہ زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبے کی ترقی میں ہے جس میں کسانوں کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کسانوں سے قریبی رابطہ رکھاجائے اور انہیں ماہرانہ مشورے دیے جائیں تاکہ کسان کپاس کی کاشت خوش دلی سے کریں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد شہباز اختر نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کپاس کی امدادی قیمت 8500روپے فی من مقرر کی گئی ہے جبکہ تحصیل سطح پر سہولت مراکز قائم کئے جا چکے ہیں جہاں معیاری کھادوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی سطح پر کپاس کے پیداواری مقابلے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس میں لاکھوں روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں ایک لاکھ40ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے اب تک96710ایکڑ رقبے پر کاشت ہو چکی ہے جو ہدف کا 69فی صد ہے جبکہ فی ایکڑ پیداوار کا ہدف 21من فی ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال2022میں ایک لاکھ3ہزار ایکڑ پر کاشت کی گئی جس میں سے 415293بیلز کپاس حاصل کی گئی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر فارمرز میٹنگز منعقد کی جائیں اور اس میں گا¶ں کے نمبرداروں، امام مساجد اور دوسرے بااثر طبقات کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کسانوں کی رہنمائی کے لئے ہر گاں میں بینرز لگانے اور کسانوں میں پمفلٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کسان تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ کپاس کی کاشت کے بارے میں پیغام تمام زمینداروں تک پہنچانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔انہوں نے مرکز لیول تک ریپیڈ ریسپانس یونٹ بنانے کی بھی ہدایت کی جو کپاس کی فصل پر کیڑے کے حملے کی فوری اطلاع دےکر اسے تلف کرائے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ملک محمد مظہر نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں کپاس کے کیڑوں کی تلفی کےلئے ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں جبکہ ان کی کوالٹی کو بھی ہرصورت یقینی بنایا جارہا ہے۔اجلاس میں کسان اتحاد کے نمائندے کیپٹن (ر) محمد حسین،فرٹیلائزر ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر میاں منیر،کسانوں کے نمائندوں مارکیٹ کمیٹی چیچہ وطنی کے سابق چیئرمین ساجد بھٹی اور اوکاڑہ سے راجہ اصغر اور سی ای او ویلکم کیمیکلز ڈاکٹر عبدالستار نے بھی خطاب کیا اور کپاس کی کاشت میں حائل مشکلات خصوصاً معیاری بیج اور خالص ادویات کی عدم دستیابی پر روشنی ڈالی اور کسانوں کو کپاس کی طرف دوبارہ راغب کرنے کےلئے ان دونوں ضروری مداخل کی فراہمی یقینی بنانے کی درخواست کی۔انہوں نے زیادہ پیداوار کےلئے چھوٹے کسانوں تک محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کی رسائی ےقینی بنانے اور ٹیوب ویلز کے لئے بجلی کے ریٹ کم کرنے کی بھی درخواست کی۔

















