چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی: عمران خان کی قیادت میں ریلی کا آغاز
لاہور (مشرق نیوز) اعلیٰ عدلیہ اور چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تحریک انصاف کی ریلی زمان پارک سے روانہ ہو گئی جس کی قیادت پارٹی کے چیئرمین عمران خان کر رہے ہیں، ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، ریلی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔ ریلی میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، فرخ حبیب، مسرت جمشید چیمہ، زبیر نیازی، فیصل جاوید اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید شامل ہیں، عمران خان لکشمی چوک میں کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ ریلی کے آغاز پر چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اپنی ریلی کا آغاز کر رہا ہوں آج آپ جہاں بھی ہیں، آپ کیلئے ضروری ہے آئین سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کیلئے گھر سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک گھنٹے کیلئے آپ نے ہر صورت میں باہر نکلنا ہے اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائےگا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہوجائےگا، اگر ایسا ہوا تو اس ملک کا اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ پشاور میں عمران خان کی کال پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ریلی کے شرکاءپیر زکوڑی پل میں جمع ہونے لگے، کارکن گاڑیوں کے قافلوں کی شکل میں آنا شروع ہو گئے، کارکنوں کی عدلیہ سے اظہار یکجہتی اور آئین کی بالادستی کے حق میں نعرہ بازی، ریلی میں خواتین بھی شریک ہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ریلیاں نکالیں گے، پورے ملک میں عوام ساڑھے 5 سے ساڑھے 6 کے درمیان باہر نکل کر اپنی یوسیز میں چیف جسٹس کیساتھ اظہاریکجہتی کریں۔
















