3کالم
اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان عدالت طلب،121 مقدمات درج کرنے کےخلاف درخواست سماعت کےلئے مقرر ، توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں عمران خان کےخلاف لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی ،پولیس کی جانب سے عدالت کو نوٹس کی تعمیل سے آگاہ کیا گیا۔
پولیس نے بتایا عمران خان کی طلبی کیلئے جاری سمن کی قانون کے مطابق تعمیل نہیں ہوسکی ،عدالت نے حاضری یقینی بنانے کیلئے عمران خان کو30مئی کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیئے اس سے قبل عدالت میں 10 ملزموں کی حاضری لگا ئی گئی ، جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عمران خان کو نوٹس کی تعمیل کیلئے سب انسپکٹر حنیف کو عدالت بلایا جائے،عدالت نے سب انسپکٹر حنیف کی عدالت حاضری تک سماعت میں وقفہ کیا ،بعدازاںسول جج مبشرحسن چشتی نے عمران خان کو آج ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کےلئے نوٹس جاری کردیا۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف 121 مقدمات درج کرنے کےخلاف درخواست سماعت کےلئے مقرر کرلی گئی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں5 رکنی لارجر بنچ 2مئی کو سماعت کرےگا،لارجر بنچ میں جسٹس عالیہ نیلم، طارق سلیم شیخ ، انوار الحق اور جسٹس امجد رفیق شامل ہیں۔
دریںاثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی،سماعت جج ہمایوں دلاور کی رخصت کے باعث ملتوی کی گئی ، آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیئے جائیں گے۔
توڑ پھوڑ کیس میں عمران عدالت طلب،121مقدمات کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
















