خرطوم (مشرق نیوز) سوڈانی فوج اور آر ایس ایف نے جنگ بندی میں 72 گھنٹے کی توسیع پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔دوسری جانب خرطوم میں فوج کے جنگی طیاروں نے مخالف نیم فوجی دستوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جب کہ دارفور میں لڑائی اور لوٹ مار جاری رہی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ کی طرف سے دباو کے نتیجے میں سوڈانی مسلح افواج اور نیم فوجی دستے ریپیڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف)نے مزید 72 گھنٹے کے لیے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا۔ جنگ بندی کی سابقہ مدت نصف شب کو ختم ہو رہی تھی۔آر ایس ایف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہاکہ ہم انسانی بنیادوں پر مزید 72 گھنٹے کے لیے جنگ بندی میں توسیع کی منظوری کا اعلان کیا جس کا آغاز 27 اپریل کی رات بارہ بجے سے ہوا۔جنگ کو ختم کرانے کی کوشش کرنے والے ملکوں نے جنگ بندی میں توسیع کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر نافذ کرنے کی اپیل کی ہے۔افریقی یونین، اقوام متحدہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ نے ایک مشترکہ بیان میں فریقین سے اپیل کی کہ وہ ایک زیادہ پائیدار جنگ بندی اور انسانیت کی بنیاد پر بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مذاکرات شروع کریں۔ان ملکوں نے کہا کہ فریقین کو امن کے لیے 20 اپریل کو پیش کیے گئے خاکے کے مطابق اپنی اپنی فوج کو واپس بلا لینا چاہئے۔
جنگ بندی میں 72 گھنٹے توسیع، سوڈان میں فریقین کے ایک دوسرے پر حملے جاری
















