اگر حکومت اسمبلی توڑ کر فوری الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں: عمران خان

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کو ہدایت کی ہے کہ اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 14 مئی کو بھی الیکشن نہیں ہوتے تو آئین ٹوٹ جائے گا، اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زور ہوگا اسی کی بات چلے گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے فیصلے مانے ہیں، ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اور ہمارا کوئی موازنہ نہیں، میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کر سکتا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کشمیر سے متعلق بیان پر کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ چیزیں پتہ ہیں مگر یہ نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہے، میں نہیں چاہتا کوئی انٹرنیشنل خبر بن جائے اور ملک کا نقصان ہو۔