مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک کے مسائل حل ہونگے: کمشنر لاہور

لاہور (خبرنگار) کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور شہر کے مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کے بار ے میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید خان اور متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر زنے کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے علی رندھاواکو منصوبوں پر بریفنگ دیں۔اجلاس میں گلبرگ سے ڈیفنس موڑ تک سگنل فری منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔منصوبے کے تحت گھوڑا چوک ڈیفنس پر دولین پر مشتمل ایک روئیہ فلائی اوور بھی تعمیر ہوگا ۔کیولری چوک پر دو لین پر مشتمل دو روئیہ انڈر پاس تعمیر کیا جائےگا۔ منصوبے کے تحت ڈیفنس موڑ کی ری ماڈلنگ بھی کی جائے گی۔کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے نے بیدیاں روڈ نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ملٹی لیول فلائی اوور شاہدرہ منصوبے سے متعلقہ امور پرتفصیلی بریفنگ لی گئی۔اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ کے اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کے مسائل حل ہونگے۔ اجلاس میں چیف انجینئر اسرار سعید خان ، ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈ کوارٹرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، نیسپاک انجینئر زو متعلقہ افسران شریک ہوئے۔