مہنگائی نے چھوٹے ملازمین کا جینا محال کردیا :واسا لیبر یونین

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا لیبر یونین پھول کے مرکزی رہنماﺅں نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی نے چھوٹے ملازمین کا جینا محال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورک چارج ملازمین کی تنخواہیں کم از کم 35 ہزار کرتے ہوئے انکے مالی مسائل میں کمی کرنے کی کوشش کی جائے اور انکو مستقل کرنے کا اعلان بھی کیا جائے۔ رہنماﺅں نے مزید کہا کہ واسا میں مختلف نوعیت کے شعبہ جات میں 2 ہزار سے زائد ملازمین عرصہ سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، انکے حقوق کے حصول کیلئے پھول یونین انتظامیہ سے اپیل کرتی ہے کہ انکو ملازمت میں تحفظ فراہم کیا جائے۔ صدر پھول یونین سعید احمد خان اور جنرل سیکرٹری رانا سلیم بلو کا کہنا تھا کہ واسا لاہور میں اہم امور کی انجام دہی میں مستقل ملازمین کے شانہ بشانہ ورک چارج ملازمین بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، انکی خدمات کے عوض دی جانےوالی تنخواہ جو کہ 25 ہزار روپے ہے، اس سے موجودہ حالات میں گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہوچکا ہے لہٰذا انکی تنخواہ میں کم سے کم 35 ہزار روپے کی جائے تاکہ انکے مالی مسائل میں کمی آسکے۔ چیئرمین مرزا ندیم افضل، سینئر وائس چیئرمین شیخ حبیب اور وائس چیئرمین نواز بھٹی نے کہا کہ محکمے میں بطور ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کا جلد اعلان کیا جائے اور انکو مستقل کیا جائے تاکہ انکے روزگار کی فراہمی کا تسلسل قائم رہ سکے اور وہ بیروزگاری سے محفوظ رہ سکیں کیونکہ انکی جانب سے محکمے کی بہتری اور شہر لاہور کے باسیوں کو سروسز کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جاوید کھوکھر، مرکزی رہنما ءرانا اشفاق، نائب صدر عابد زیدی، ملک عمران اور دیگر نے ورک چارج ملازمین کے مالی مسائل اور انکو مستقل کرنے کے معاملے پر روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی واسا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ورک چارج ملازمین کی مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ ان پر مہنگائی کا بوجھ کچھ حد تک کم ہوسکے انکے مالی مسائل میں کمی ہوسکے کیونکہ انکی جانب سے جو خدمات سرانجام دی دی جا رہی ہیں اسکے مطابق انکو تنخواہ نہیں دی جا رہی، جیسا کہ مستقل ملازمین اور افسران کو تنخواہ دی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ہم ورک چارج ملازمین کو فی الفور مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔