اسلام آباد (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور تبادلہ کیس کی سماعت کے دوران انتخابات میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن اپنے کام کے سواءباقی سارے کام کر رہا ہے،پنجاب میں صوبائی انتخابات 90 دن میں نہ ہوئے تو آئین کی کھلی خلاف ورزی ہوگی،تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے غلام محمود ڈوگر ٹرانسفرکیس پر سماعت کی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل پنجاب حکومت سے استفسار کیا سپریم کورٹ کا حکم تھا پھر بھی سی سی پی او کو تبدیل کیوں کیا گیا؟ غلام محمود ڈوگر کوٹرانسفر کرنے کی اتنی جلدی کیا تھی؟،وکیل پنجاب حکومت نے کہا الیکشن کمیشن کی اجازت سے غلام محمود ڈوگر کو دوسری بار تبدیل کیا گیا،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا افسروں کی تبدیلی میں الیکشن کمیشن کا کیا کردار ہے؟جسٹس مظاہرنقوی نے کہا الیکشن کمیشن کا کردار انتخابات کے اعلان کے بعد ہوتا ہے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا پنجاب میں نگران سیٹ اپ آنے کی وجہ سے الیکشن کمیشن سے اجازت لی گئی، آئین کے مطابق نگران حکومت آنے کے بعد 90 دنوں میں انتخابات ہونے ہیں،دوران سماعت عدالت نے چیف الیکشن کمشنر کو فوری طلب کیا،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا تو پھر بتائیں الیکشن کمیشن کہاں ہے؟ کیا الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کے حکم کا علم نہیں تھا؟ الیکشن کمیشن اپنے کام کے علاوہ باقی سارے کام کر رہا ہے۔
جسٹس مظاہرنقوی نے کہاآدھے پنجاب کو ٹرانسفر کردیا گیا، کیا پنجاب میں ایسا کوئی ضلع ہے جہاں ٹرانسفرنہ ہوئی ہو؟،سماعت میں وقفے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاآئین ہر صورت 90 دن میں انتخابات کرانے کا پابند کرتا ہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، مقررہ وقت میں انتخابات نہ ہوئے تو آئین کی خلاف ورزی ہوگی، 90 دن میں انتخابات پر آئین میں کوئی ابہام نہیں، شفاف انتخابات کرانا صرف الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، آئین میں واضح درج ہے نگران حکومت تقرر و تبادلے نہیں کرسکتی، نگران حکومت کو تبادلہ مقصود ہو تو ٹھوس وجوہات کےساتھ درخواست دے گی، الیکشن کمیشن وجوہات کا جائزہ لےکر مناسب حکم جاری کرنے کا پابند ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہاعدالت حکم دے تو تبادلے روک دیں گے،الیکشن کی تاریخ خود دیں تو آئین کی خلاف ورزی ہوگی،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاالیکشن کمیشن کو صوبے کی بات پر من وعن عمل نہیں کرنا ہوتا، الیکشن کمیشن نے تقرر و تبادلے میں دیکھنا ہوتا ہے ٹھوس وجوہات ہیں یا نہیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا تفصیلی اجلاس میں صوبوں کوتقرری وتبادلے کی گائیڈ لائنزجاری کیں۔
جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا الیکشن کمیشن نے کس قانون کے تحت گائیڈ لائنز بنائیں؟،چیف الیکشن کمشنر نے کہاالیکشن کمیشن نے یکساں پالیسی کے تحت پورے صوبے میں تقرر وتبادلوں کی اجازت نہیں دی، کچھ کمشنر، ڈی سی، آر پی او وغیرہ کا ٹرانسفر ضروری تھا، الیکشن کمیشن کے اختیارات محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آرمی کو سکیورٹی کا کہتے ہیں تو نہیں دے رہے، ماتحت عدلیہ نے 2018 میں سٹاف دیا، اب دینے کو تیار نہیں، حکومت الیکشن کےلئے پیسے نہیں دے رہی، الیکشن کمیشن کے اختیارات روک دئیے گئے، صاف شفاف انتخابات کیسے کرائیں؟،جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا آپ نے مسئلے پر حکومت سے رابطہ کیا ؟،چیف الیکشن کمشنرنے جواب دیا حکومت کو اپنے تمام ترمسائل سے آگاہ کیا اگر چندکمشنرز، ڈی سی، آر پی او، ڈی پی اوز کے تبادلے نہ ہوئے تو انتخابات شفاف نہیں ہوں گے، عدالت حکم دے تو تبادلے نہیں کرنے دیں گے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاعدالت ایسا کوئی حکم نہیں دے رہی، آئین کا ایک ایک لفظ پابند کرتا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات کا معاملہ ہوا میں اڑا دیا مگر تقرر و تبادلے کی گائیڈ لائنز بنانا یاد ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان نہیں کرسکتا،جسٹس مظاہرنقوی نے سوال کیا کس قانون کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان نہیں کرسکتا؟،چیف الیکشن کمشنر نے کہا گورنر یا صدر انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں، آرٹیکل105 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہیں دے سکتا،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا گورنر انکار کر رہے ہیں توبال الیکشن کمیشن کی کورٹ میں آچکی، 90 دن میں انتخابات کراناہی آئین کی منشاءہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن تاریخ مقرر کرے تو آئین کی خلاف ورزی ہوگی، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا مقررہ مدت میں انتخابات ہونا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہوگی، آپ آئین کےساتھ کھڑے ہوں، عدالت آپ کے پیچھے کھڑی ہوگی،سپریم کورٹ نے الیکشن کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر الیکشن کمیشن سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،اس موقع پر اٹارنی جنرل نے کہالاہور ہائی کورٹ کا فل بنچ تقرر وتبادلے کا معاملہ سن رہا ہے، مناسب ہوگا عدالت لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کرے۔
عدالت کو دیکھنا ہے اپیل آنے پر انتخابات کا کیس سنے گی یا یہی کیس،جسٹس مظاہرنقوی نے کہاسپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تبادلہ کیا گیا، غلام محمود ڈوگر کا الیکشن کمیشن کے کہنے پر ہی تبادلہ ہوا، آپ نے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی ، سپریم کورٹ کو حکم پر عمل کرانے کا دوسرا طریقہ بھی آتا ہے، ایسے نہیں مانتے تو نوٹس دے کر بھی طلب بھی کرسکتے ہیں،غلام محمود ڈوگرکے وکیل عابد زبیری نے کہامو¿کل کو الیکشن کمیشن کے زبانی حکم پر تبدیل کیا گیا،جسٹس مظاہر نقوی نے استفسارکیا کیا زبانی احکامات پر تبادلے کی بات درست ہے؟ چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیا چیف سیکرٹری نے 23 جنوری کو فون کرکے تبادلے کے متعلق کہا تھا، تحریری درخواست آنے پر 6 فروری کو باضابطہ اجازت نامہ دیا،جسٹس مظاہرنقوی نے کہا کیا آپ کو سپریم کورٹ کے احکامات کا علم نہیں تھا؟ چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیاجو ریکارڈ ملا اس میں سپریم کورٹ کے احکامات کا ذکر نہیں تھا،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ صرف آئین وقانون کے پابند ہیں، اپنی پالیسیوں کے نہیں،اس دوران سپریم کورٹ نے بار بار سرہلانے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سرزنش کردی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ کون ہیں اور کیوں روسٹرم پر کھڑے ہوکر سرہلا رہے ہیں؟،عمرحمید خان نے کہا میں سیکرٹری الیکشن کمیشن ہوں، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ جو بھی ہیں نشست پر بیٹھیں،اٹارنی جنرل نے استدعا کی اگرضروری نہیں تو الیکشن کمشنرآج پیش نہ ہوں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا عدالت اجازت دے تو میری جگہ سیکرٹری یا سینئر افسر آج پیش ہوجائےگا،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ ادارے کے سربراہ ہیں ،خود پیش ہوں، سکون سے سنیں گے،سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے سمیت پنجاب میں تمام افسروں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔
بعدازاںپنجاب میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے کو سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کیلئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر تبادلہ کیس میں سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل ہوئی ، آئین کے تحت 90 دن میں انتخابات ہونا لازمی ہیں، ابھی تک پنجاب میں صوبائی عام انتخابات کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، صوبائی عام انتخابات تاخیر کا شکار ہونے کا خطرہ موجود ہے،انتخابات کا معاملہ براہ راست بنچ کے سامنے نہیں، براہ راست کیس نہ ہونے کی وجہ سے انتخابات پر کوئی حکم جاری نہیں کر سکتے، عام انتخابات کا معاملہ سنجیدہ نوعیت و بنیادی حقوق کے نفاذ کا ہے، آئین کا دفاع کرنا عدالت کا قانونی آئینی و اخلاقی فرض ہے،پنجاب میں تقرر و تبادلوں کا معاملہ انتخابات سے جڑا ہوا ہے، وفاقی حکومت کے مطابق غلام محمود ڈوگر کا تبادلے سے کوئی تعلق نہیں، اٹارنی جنرل نے بتایا تبادلہ گورنر پنجاب کی جانب سے کیا گیا ،چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کی تاریخ دینے سے معذوری ظاہر کی، انہوں نے بتایا آئین کے تحت تاریخ مقرر کرنا گورنر کا اختیار ہے، چیف الیکشن کمشنر نے بتایا گورنر نے انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا اسمبلی تحلیل نہیں کی تو تاریخ بھی نہیں دوں گا،سپریم کورٹ کے تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا صوبائی انتخابات 90 دن میں نہ ہوئے تو آئین کی کھلی خلاف ورزی ہوگی، پنجاب میں عام انتخابات کا معاملہ سوموٹو کیلئے بہترین کیس ہے، چیف جسٹس مناسب سمجھیں تو نوٹس لیکر سماعت کیلئے بنچ تشکیل دیں۔
90دن میں انتخابات نہ ہوئے تو آئین کی خلاف ورزی ہوگی،سپریم کورٹ

















