اسلام آباد:(لیڈرنیوز)وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا اور ارکان کی ووٹنگ سے متعلق سوالات کئے۔سپیکر نے سوال کیا کہ کیا میں منحرف ارکان کو ووٹ دینے سے روک سکتا ہوں؟ جس پر متعلقہ حکام نے جواب دیا کہ کسی رکن کو ووٹ دینے سے نہیں روکا جا سکتا، اگر کوئی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف گیا تو اس پر عملدرآمد کے بعد کارروائی کی جائے گی، آئین کا آرٹیکل 63 ون اے بالکل واضح ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سوال کیا کہ اگر وزیراعظم یا پارٹی چیف وہپ نے مشکوک ارکان کے نام بھیجے تو پھر کیا کارروائی ہوسکتی ہے؟ کیا منحرف اراکین کو ووٹ دینے سے پہلے رول کال دی جا سکتی ہے؟ متعلقہ حکام نے جواب دیا کہ پارٹی چیئرمین کا باضابطہ اعلامیہ موصول ہونے کے بعد ہی سپیکر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
















