کابل:(لیڈرنیوز) طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وفد کے حکام نے چین کو بتایا ہے کہ وہ دوسرے ملک کے خلاف سازشوں کے لیے افغانستان کو اڈے کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے۔افغان طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بدھ کو بتایا کہ طالبان کا ایک اعلی سطح کا وفد بیجنگ حکام سے بات چیت کے لیے چین میں موجود ہے۔9رکنی وفد کی قیادت ملاح عبدالغنی برادر کر رہے ہیں۔محمد نعیم کا کہنا ہے کہ امارتِ اسلامی نے چین کو یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کی سکیورٹی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اور اس کے بجائے مسائل حل کرنے اور امن لانے میں مدد کریں گے۔ محمد نعیم کا کہنا ہے کہ طالبان وفد نے چین کے افغانستان کے لیے خصوصی سفیر سے بھی ملاقات ہوئی اور یہ دورہ چینی حکام کی دعوت پر کیا گیا۔چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ وینگ یی نے طالبان کے نمائندوں سے چین کے شمالی شیر تیانجن میں ملاقات کی۔ اس دورے سے طالبان کی پہچان کو ایک ایسے وقت پر عالمی سطح پر تقویت مل سکتی ہے جب افغانستان میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔دوسری جانب طالبان کا قطر میں سیاسی دفتر ہے جہاں امن مذاکرات چل رہے ہیں۔ رواں مہینے طالبان کے نمائندوں نے ایران میں افغان حکومت کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی۔
#Taliban #leader news #Afghan soil #Taliban delegation is in China #Mohammad Naeem

















