راولپنڈی،اسلام آباد،کرک: (بیورورپورٹ،مشرق نیوز)بلوچستان میں آپریشنز، سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 11دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق کارروائیاں 6اور 7ستمبر کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی اطلاع پر کیں،6ستمبر کو دہشتگردوں نے خاران میں سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا گھیرا ﺅکیا،فائرنگ کے تبادلے میں 9بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا7ستمبر کو واشک کے علاقے میں دہشت گردوں کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو تباہ کر دیا،فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشتگرد انجام کو پہنچے،2.9ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیاگیا۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہابھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا،نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر کرک میں تھانہ صابر آباد کی حدود میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے کانسٹیبل ظفران جاں بحق ،امتیاز زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
بلوچستان ، بھارتی حمایت یافتہ 11دہشتگرد ہلاک،کرک ،پولیس اہلکار شہید

















