مقدمات کی جلد سماعت کیلئے شام کو بھی عدالتی بینچ بیٹھے گا:چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف جسٹس پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ مقدمات کی جلد سماعت کیلئے شام کو بھی عدالتی بینچ بیٹھے گا۔فل کورٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ مقدمات مقرر کرنے کی پالیسی ویب پر ڈال دی گئی ہے اور اب میرے کہنے پر بھی کوئی مقدمہ مقرر نہیں ہوتا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ جج 3 ماہ کی چھٹیاں کرتے ہیں، کس نے کہا کہ جج 3 ماہ کی چھٹی کرتے ہیں؟ جج 3 ماہ کے عرصے کے اندر ایک ماہ کی چھٹی کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نے بتایا کہ ایک بینچ کے سامنے ایک ہی روز میں 75 مقدمات مقرر ہوئے۔ مقدمات مقرر کرنے کی پالیسی ویب پر موجود ہے جبکہ 2 افسران کاز لسٹ میں آنے والے مقدمات کو دوبارہ چیک کرتے ہیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ جلد سماعت کی درخواستوں کیلئے ایک بینچ تشکیل دیا جارہا ہے۔ جلد سماعت کے مقدمات سننے کیلئے شام کے وقت بھی بینچ بیٹھے گا۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ شریعت اپیلیٹ بینچ ہر دو ماہ میں ایک ہفتے کیلئے بیٹھے گا۔