خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی (مشرق نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف پف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے میرانشاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسداد دہشت گردی کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے، نیز علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور وطن عزیز کے دفاع و سلامتی کیلئے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پولیس کو ایک بہادر صف اول کا دستہ قرار دیا اور دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف اس کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا فیصلہ کن خاتمہ کرنے اور خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ قبل ازیں میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔