نئے صوبے، خواجہ آصف کی صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات تقسیم کرنیکی تجویز

سیالکوٹ (مشرق نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجویز گزشتہ 2 ماہ سے زیر بحث ہے اور میرے خیال میں ملک میں انتظامی یونٹس تشکیل دیے جانے چاہییں، کیونکہ دنیا کے مختلف ممالک میں بھی انتظامی ضروریات کے تحت ایسا نظام رائج ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے تاہم انکی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو بنیاد نہیں بنانا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے، اسلئے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامی اختیارات کی تقسیم ضروری ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے جنہیں تقسیم کرکے ان کی تعداد 30 سے 32 تک پہنچا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں مرتکز اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہئیں تاکہ لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طاقت کا ارتکاز ختم ہوسکے۔ وفاق کی جانب سے منتقل کئے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل ہدف بلدیاتی ادارے ہوتے ہیں، جو صوبائی حکومتوں کے اختیار اور ان کی مرضی کے تابع ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو اس بنیادی حقیقت پر غور کرنا چاہیے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، لیکن سیاستدانوں کا عمومی نقطہ نظر یہ ہے کہ وہ تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنا چاہتے ہیں۔