اسلام آباد (مشرق نیوز) آئی ایم ایف مشن نے سٹیٹ بینک حکام کی معاشی بریفنگ پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزے پر پالیسی سطح کے مذاکرات پیر سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے جبکہ کراچی میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے مرحلے میں آئی ایم ایف جائزہ مشن نے سٹیٹ بینک حکام کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن باقاعدہ مذاکرات کیلئے کراچی سے اسلام آباد پہنچے گا جہاں پیر سے معاشی ٹیم کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن گزشتہ 3 روز سے کراچی میں قیام پذیر تھا۔
ذرائع کے مطابق جائزہ مشن کے سٹیٹ بینک حکام اور سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات ہوئے۔ سندھ حکومت نے وفاق کو سرپلس بجٹ فراہم کرنے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 30 جون تک ٹیکس آمدنی 593 ارب روپے رہی، جبکہ اسی مدت تک سندھ کی نان ٹیکس آمدنی دگنی ہوکر 80 ارب روپے سے زائد رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کو سٹیٹ بینک حکام کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی، جس پر مشن نے اطمینان کا اظہار کیا۔ سٹیٹ بینک حکام نے مشن کو معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی جبکہ زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات اور فارن ایکسچینج سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے کا ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک حکام نے آئی ایم ایف مشن کو کرنٹ اکاونٹ خسارے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی بریفنگ دی۔
آئی ایم ایف مشن کا سٹیٹ بینک حکام کی معاشی بریفنگ پر اظہار اطمینان



















