دبئی (مشرق نیوز) پاکستان کے لیگ سپنر ابرار احمد نے پہلی بار آئی سی سی ٹی 20 بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ افغانستان کے سٹار سپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے جنہوں نے گزشتہ چھ ماہ سے ٹاپ پوزیشن سنبھال رکھی تھی۔
ابرار احمد ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز بولنگ میں 8 ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ سلمان مرزا ایک درجہ تنزلی سے 19 ویں نمبر پر چلے گئے۔ انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے 47 درجے کی چھلانگ لگائی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔
دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد ٹی 20 بیٹرز رینکنگ میں کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ جوز بٹلر نے سیریز میں 172 رنز بنائے اور اب وہ بروک سے صرف ایک درجے پیچھے پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ان کے علاوہ کوئی پاکستانی بیٹر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔ ادھر ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا پانچ درجے ترقی کرکے 24ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ابرار احمد پہلی بار ٹی 20 کے نمبر ون بولر بن گئے



















