لاہور (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں راستوں کی بندش اور آمدورفت میں رکاوٹوں کے باعث پنجاب بالخصوص لاہور کی ہوٹل انڈسٹری کا کاروبار شدید متاثر ہونے لگا، ہوٹل مالکان اور کاروباری حلقوں نے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے اور مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورزم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کے چیئرمین میاں ساجد، صدر خالد معراج اور سینئر نائب صدر سید ممتاز حسین بخاری نے روزنامہ مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف راستوں کی بندش سے لاہور آنے اور یہاں سے دیگر علاقوں کو جانے والے مسافروں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث ہوٹل انڈسٹری کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی ہوٹل انڈسٹری کا کاروبار بڑی حد تک ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے مسافروں، کاروباری افراد، سیاحوں اور دیگر مہمانوں سے وابستہ ہے، تاہم مختلف شاہراہوں اور راستوں کی بندش کے باعث لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہونے سے ہوٹلوں میں قیام کرنے والے افراد کی تعداد کم ہوگئی ہے۔ میاں ساجد، خالد معراج اور سید ممتاز حسین بخاری نے کہا کہ ملک میں آئے روز احتجاج، مارچ اور مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے باعث اہم شاہراہیں اور راستے بند ہوجاتے ہیں جس کا براہ راست اثر کاروباری سرگرمیوں پر پڑتا ہے۔ ہوٹل انڈسٹری پہلے ہی مختلف مسائل اور بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا کررہی ہے، ایسے میں بار بار راستوں کی بندش سے کاروبار مزید مشکلات سے دوچار ہورہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ احتجاج اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شہریوں کی آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں کو ممکنہ حد تک جاری رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور ایسے متبادل انتظامات کیے جائیں جن سے اہم شاہراہوں کی مکمل بندش سے گریز کیا جاسکے۔ ہوٹلز اینڈ ٹورزم ایسوسی ایشن کے رہنماو¿ں نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے، اس لیے حکومت کو اس شعبے کو درپیش مسائل پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال کا مستقل اور موثر حل نہ نکالا گیا تو اس کے اثرات صرف ہوٹل انڈسٹری تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، چھوٹے کاروبار اور دیگر متعلقہ شعبے بھی متاثر ہوں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں احتجاج اور مارچ کے دوران عوام اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مربوط پالیسی مرتب کی جائے تاکہ احتجاج کا حق بھی برقرار رہے اور ملک کی معاشی و کاروباری سرگرمیاں بھی بلاوجہ متاثر نہ ہوں۔
راستوں کی بندش سے لاہور کی ہوٹل انڈسٹری شدید متاثر، کاروبار میں نمایاں کمی



















