9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے فیصلہ کن طاقت کےساتھ نمٹیں گے،کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: (بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کردیاپرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے فیصلہ کن طاقت کےساتھ نمٹیں گے، افغانستان سے ہونےوالی دہشتگردی کےخلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں،دہشتگردی کے خاتمے کےلئے زمینی کارروائیوں کےساتھ بہترین انتظامی ،گورننس اقدامات ناگزیر ہیں،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں ،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، قوم کی غیر متزلزل حمایت کےساتھ مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈر کانفرنس میں شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں ،مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

شرکا نے عزم کا اعادہ کیا کسی بھی جواز پر پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے نمٹا جائے گا،ایسی صورت میں فیصلہ کن طاقت ،قانون کےساتھ بلاامتیاز ، بلا جھجھک نمٹا جائے گا، افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں،فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشتگردی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہادہشتگردی کے خاتمے کےلئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی ،گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں،ضروری ہے عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات پر موثر رابطہ کاری ،بیانیے پر کام کیا جائے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مخصوص عناصر کے ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس میں اعادہ کیا گیا پولیس کی استعداد کار کو بھی بڑھانا ہوگا، پاکستان کےلئے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے،فورم نے پاکستان، سعودی عرب ،ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم ،معاہدے کو دیرینہ سٹریٹجک تعلقات ، مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیتے ہوئے حوثی حملوں پر اظہار برہمی اورسعودی عرب سے اظہار یکجہتی ، حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا،فورم نے مطالبہ کیا مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

فیلڈ مارشل نے کہا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے، فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں، قوم کی غیر متزلزل حمایت کےساتھ مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔