اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت ملک میں 3 اہم ترقیاتی پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کئے۔ ان پروگراموں سے سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو تقویت ملے گی۔
حکام کے مطابق اس مالی معاونت کے ذریعے توانائی اور ماحولیاتی استحکام کے اقدامات بھی آگے بڑھیں گے، جبکہ گلوبل گیٹ وے پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کریگا۔ منصوبے کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی بہتر بنائی جائیگی۔ خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابل تجدید توانائی کو فروغ دینے کے ساتھ صوبے کے توانائی شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت بھی بڑھائی جائیگی۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنائی جائے گی، جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کا نظام مضبوط کیا جائیگا۔ پروگرام کے نتیجے میں یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھنے کی توقع ہے۔
سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔ محمد حمیر کریم کے مطابق ان اقدامات سے دیہی علاقوں میں بجلی تک رسائی اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام میں بہتری آئیگی۔ یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں معاونت کے عزم کا اظہار ہیں۔
پاکستان اور یورپی یونین میں 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے معاہدوں پر دستخط



















