امریکہ، ایران کشیدگی کا شاخسانہ، خام تیل کی قیمت 106 ڈالر سے تجاوز کرگئی

نیویارک (مشرق نیوز) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے سیشن بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں سپلائی متاثر ہونے کے خدشات اور امریکا ایران تنازع کو قرار دیا جا رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.49 ڈالر یا 1.4 فیصد اضافے کے بعد 106.77 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 1.34 ڈالر یا 1.5 فیصد بڑھ کر 93.94 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق خطے سے خام تیل کی برآمدات میں بحالی کے کچھ اشارے سامنے آئے ہیں، تاہم امریکہ، ایران تنازع اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے مارکیٹ پر دباو برقرار رکھا ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کیلئے ایک اہم بحری راستہ ہے، اسلئے وہاں پیدا ہونے والی رکاوٹیں عالمی تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہیں۔