خلیجی ممالک اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں ورنہ سخت جواب ملے گا،ایران کی وارننگ


تہران:(مشرق نیوز)ایران نے کہاہے خلیجی ممالک اپنی سرزمین، فوجی اڈے یا فضائی حدود کسی بھی حملے کےلئے استعمال نہ ہونے دیں بصورت دیگر سخت جواب ملے گا۔

جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں ایرانی مستقل مشن کے دوسرے سیکرٹری علی کریمی مقام نے کہابحرین نے ایران کےخلاف مبینہ غیر قانونی امریکی جنگ کےلئے اپنی سرزمین، فوجی اڈے ،فضائی حدود فراہم کیں،ہمسایہ ملک کےخلاف کسی غیر قانونی جنگ کےلئے اپنی سرزمین و دیگر سہولیات فراہم کرنےوالے ملک کوممکنہ نتائج پر حیرت کا اظہار نہیں کرنا چاہیے، حملوں کی اجازت دوبارہ دی گئی تو ایران جواب دےگا۔

دریں اثنا ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ایرانی مسلح افواج جنگ کےلئے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ،انگلیاں ٹریگر پر ، امریکہ ،اسرائیل کی ذرا سی بھی ممکنہ غلطی کا انتظار کر رہی ہیں،دوبارہ جنگ شروع کی تو پہلے سے کہیں زیادہ شدید ،عبرت ناک ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔