سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملے ،پاکستان کی شدید مذمت

ریاض،بغداد،اسلام آباد:(مشرق نیوز)عراقی سرزمین سے سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملے ،متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض ،مدینہ میں پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا،تنصیبات کے تحفظ کےلئے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتے ہیں،دوسری جانب عراقی وزیراعظم نے حملے میں ملکی سرزمین کے استعمال پراعلیٰ فوجی کمانڈر کو برطرف کرتے ہوئے ایران سے منسلک شلمچہ سرحد بند کردی،عراقی حکومت نے سعودی عرب کی جانب سے جوابی کارروائی موخر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا سعودی سلامتی ،استحکام کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ قابل قبول نہیں۔

ادھر پاکستان نے سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نقصان پہنچا ،شہری بھی زخمی ہوئے، حملے سعودی عرب کی خودمختاری ، علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور خطے کے امن، سلامتی ، استحکام کےلئے سنگین خطرہ ہیں،ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کےلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت ،برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہاپاکستان خطے میں امن ،استحکام کے حصول کےلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔