پاکستان کے افغانستان میں فضائی، ڈرون حملے،متعدد دہشتگرد ہلاک،ٹھکانے تباہ

اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)افغانستان میں فضائی، ڈرون حملے،متعدد دہشتگرد ہلاک،ٹھکانے تباہ کردئیے گئے، وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے زیرکنٹرول علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی ،ڈرون حملوں کی ویڈیو کلپس جاری کردیں۔

وزارت اطلاعات کے مطابق درست نشانے کےساتھ کئے گئے حملوں میں 2مختلف مقامات پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے کیمپ مکمل طور پر تباہ کردیئے ،ڈرونز ،طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا،ٹھکانوں ،کیمپوں میں ذخیرہ کیا گیا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا۔

دریں اثناسکیورٹی فورسز نے آپریشن رد الفتنہ3کے تحت بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی اور وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا،فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا،علاوہ ازیں شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے خوارج کے متعدد ٹھکانے ،سرنگیں تباہ کر دیں۔