مدارس کے طلبہ کو صحتمند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے طلبا کو صحتمند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ کھیل نوجوانوں میں برداشت، نظم و ضبط، اتحاد اور ٹیم ورک جیسے مثبت اوصاف پیدا کرتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ ساہیوال کی جانب سے مدارس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ جمخانہ کرکٹ گراونڈ میں مدارس کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام ضلعی انتظامیہ نے کیا تھا۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی نیاز احمد مغل، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد، ایس ڈی او پی ایچ اے نعمان قیصر، دینی مدارس کے طلبا، اساتذہ، ممبران ضلعی امن کمیٹی،علمائے کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دینی مدارس کے طلبا کے لیے اس نوعیت کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند امر ہے جس کا تمام تر کریڈٹ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مدارس کے طلبا کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بہترین موقع ملے گا۔واضح رہے کہ دینی مدارس کے طلبا کے مابین تمام میچز 5 اوورز اور ناک آوٹ سسٹم کے تحت کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام بمعہ ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام بمعہ ٹرافی دی جائے گی۔اسٹیڈیم میں موجود دینی مدارس کے طلبا، اساتذہ، علمائے کرام اور شہریوں نے منفرد ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ افتتاحی تقریب کے دوران بھی جوش و خروش دیدنی تھا۔