امن مذاکرات آگے بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں: وزیراعظم شہبازشریف، قطر روانہ

اسلام آباد، جدہ (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل کو سراہا، سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھےگا تاکہ خطے میں دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جدہ میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، اس دوران دونوں رہنماوں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کیلئے یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے حالیہ صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے مثالی صبر اور تحمل کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سعودی قیادت کی سعودی عرب سمیت تمام امن پسند لوگوں کیلئے مثال ہے، سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا، وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔

اس ملاقات میں دونوں رہنماوں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے، روضہ رسول پر حاضری دی اور درود و سلام پیش کیا جس کے بعد وہ وفد کیساتھ قطر کیلئے روانہ ہو گئے۔