لاہور،اسلام آباد:(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ، پاور ڈویژن نے رات کو بجلی کم استعمال کرنے کا مشورہ دےدیا۔
ذرائع کے مطابق شارٹ فال ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے متجاوز،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی مفلوج،کاروبار تباہ ہوکررہ گیا۔
دوسری جانب پاور ڈویژن نے کہارات کے اوقات پن بجلی کی پیداوار میں 1991 میگاواٹ کمی ریکارڈ کی گئی، پن بجلی کی کم پیداوار کے باعث بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے اعلانیہ سے کچھ زیادہ لوڈ مینجمنٹ کی، پیک ٹائم میں تقریباً 4500 میگاواٹ کا شارٹ فال رہا،پن بجلی میں کمی کی وجہ ملک کے ڈیموں سے صوبوں کی جانب پانی کے اخراج کی کم ڈیمانڈ ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن نے کہا پیک آورز کے دوران مجموعی ڈیمانڈ 18000 میگاواٹ رہی، آنے والے چند دنوں میں ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کا امکان ہے ،بجلی کی پیداوار بھی بڑھے گی،صرف رات کے اوقات میں ہی لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول ترتیب دیا گیا ، دن کے اوقات کسی قسم کا شارٹ فال نہیں ہوتا،آر ایل این جی کی دستیابی سے بھی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
پاور ڈویژن نے پن بجلی کی کم دستیابی کی بنا پر اضافی لوڈ مینجمنٹ پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے صارفین سے اپیل کی رات کے اوقات بجلی کا کم سے کم استعمال کریں اور بجلی بچت کے اصولوں پر عمل کریں۔
ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ، عوام رات کو بجلی کم استعمال کر یں، پاور ڈویژن


















